کراچی میں انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے مصطفیٰ عامر قتل کیس سمیت 5 مقدمات میں ملزمان کے خلاف فرد جرم عائد کرنے کی تاریخ مقرر کردی ہے۔
عدالت میں مصطفیٰ عامر قتل کیس سمیت دیگر مقدمات کی سماعت ہوئی، جس دوران عدالت نے مصطفیٰ عامر قتل کیس کو سیشن عدالت منتقل کرنے کی ملزم کی درخواست مسترد کردی ہے۔اس کے علاوہ، مدعی مقدمہ کی درخواست پر کیسز کے مشترکہ ٹرائل کی منظوری دے دی گئی ہے۔ عدالت نے ملزم ارمغان اور دیگر کے خلاف 5 مقدمات کو ایک ساتھ جوڑنے کا حکم دیا اور ملزمان پر مشترکہ فرد جرم عائد کرنے کی تاریخ مقرر کی۔مزید برآں، عدالت نے آئندہ سماعت پر ملزم شیراز کی درخواست ضمانت پر دلائل طلب کر لیے ہیں۔بعد ازاں، انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے پانچوں مقدمات کی مزید سماعت 24 اگست تک ملتوی کردی ہے۔