نواں کوٹ اور گلشن راوی پولیس نے بچوں کو والدین کے حوالے کردیا
لاہور(کرائم رپورٹر) نواں کوٹ اور گلشن راوی پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے جشن آزادی کے دوران والدین سے بچھڑنے والے تین سالہ علیزہ اور تین سالہ ذاکر کو تلاش کرکے والدین کے حوالے کردیا۔ پولیس ترجمان کے مطابق 14 اگست کی تقریبات کے دوران دونوں بچے اپنے والدین سے بچھڑ گئے تھے، جن کے گم ہونے پر والدین نے ون فائیو کال اور اغوا کی درخواست دی۔ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ہیومن ریسورس کی مدد سے بچوں کو ٹریس کیا اور بحفاظت تلاش کرلیا۔ تین سالہ ذاکر کو اس کے والد بلال جبکہ علیزہ کو والد عرفان کے حوالے کردیا گیا۔ بچوں کی بحفاظت واپسی پر والدین خوشی سے نہال ہوگئے اور پولیس کا شکریہ ادا کرتے ہوئے دعائیں دیں۔ ایس پی اقبال ٹاؤن سدرہ خان نے بروقت کارروائی پر نواں کوٹ اور گلشن راوی پولیس کو شاباش دی۔ انہوں نے کہا کہ کمیونٹی پولیسنگ کو بھرپور فروغ دیا جارہا ہے، شہریوں کی جان و مال کے تحفظ اور ان کی مشکلات کے فوری ازالے کے لیے پولیس ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گی