لاہور (کرائم رپورٹر) لاہور انویسٹی گیشن پولیس نے مختلف کارروائیوں کے دوران تین گمشدگان کو بحفاظت تلاش کرکے ان کے ورثا کے حوالے کر دیا۔ پولیس کے مطابق انچارج انویسٹی گیشن نواب ٹا ئون محمد قاسم نے 12 سالہ محمد شمعون، انچارج غازی آباد ناصر حمید نے 4 سالہ ابوبکر جبکہ انچارج شیرا کوٹ عبدالانعام الحق نے اپنی ٹیم کے ہمراہ 30 سالہ نازیہ کو تلاش کیا۔ گمشدگان راستہ بھٹکنے، ڈانٹ ڈپٹ اور گھریلو ناراضی کے باعث گھروں سے چلے گئے تھے جبکہ بچوں کے ورثا نے متعلقہ تھانوں میں اغوا کے مقدمات بھی درج کروائے تھے۔ گمشدگان کو سی سی ٹی وی کیمروں اور ہیومن انٹیلی جنس کی مدد سے تلاش کیا گیا۔ بحفاظت بازیابی پر ورثا نے انویسٹی گیشن پولیس ٹیموں کا شکریہ ادا کیا۔ ڈی آئی جی انویسٹی گیشن لاہور سید ذیشان رضا نے کہا کہ پولیس شہریوں کے جان و مال کے تحفظ اور بچھڑوں کو اپنوں سے ملوانے کے لیے شب و روز کوشاں ہے۔ ایس ایس پی انویسٹی گیشن محمد نوید نے کامیاب کارروائی کرنے والی پولیس ٹیموں کے لیے تعریفی اسناد دینے کا اعلان کیا۔