یوم آزادی پر ٹریفک قوانین کی پابندی حب الوطنی:وقاص نذیر

لاہور(کرائم رپورٹر) ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب محمد وقاص نذیر نے 79ویں یومِ آزادی کے موقع پر صوبے کے شہریوں اور پولیس فورس کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ آزادی لازوال قربانیوں، عزم اور بے مثال جدوجہد کا ثمر ہے۔ انہوں نے کہا کہ یومِ آزادی وطن سے محبت، اتحاد اور قومی ذمہ داری کی تجدیدِ عہد کا دن ہے، تاہم آزادی کا مطلب ٹریفک قوانین سے آزادی ہرگز نہیں۔ شہری ٹریفک قوانین کی پابندی کرکے اپنی اور دوسروں کی زندگیوں کو محفوظ بنائیں، کیونکہ قانون کی پاسداری حب الوطنی کا عملی اظہار ہے۔ انہوں نے بتایا کہ صوبہ بھر میں ون ویلنگ، ہلڑ بازی، روڈ بلاکنگ اور غلط پارکنگ کے خلاف سخت کارروائی جاری ہے، جبکہ ٹریفک کی روانی اور شہریوں کے تحفظ کے لیے تقریباً 10 ہزار ٹریفک اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔ انہوں نے اہلکاروں کو شہریوں کی رہنمائی اور ٹریفک کی روانی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔