غیر محفوظ طریقے سے کھڑی گنے سے بھری ٹرالیاں فوری طور پر ہٹانے کی ہدایت
لاہور (کرائم رپورٹر) ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب محمد وقاص نذیر نے کہا ہے کہ حادثات کی روک تھام اور محفوظ پنجاب کے قیام کے لیے ٹریفک پولیس ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔ گنے کے کرشنگ سیزن کے دوران سڑکوں پر ٹریفک کی روانی اور شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے صوبہ بھر کے سی ٹی اوز اور ڈی ٹی اوز کو خصوصی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔جاری کردہ مراسلے کے مطابق ٹریفک پولیس کو کرشنگ سیزن کے دوران سڑکوں پر مؤثر گشت کرنے کا حکم دیا گیا ہے،جبکہ غیر محفوظ طریقے سے کھڑی گنے سے بھری ٹرالیاں فوری طور پر ہٹانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ڈی آئی جی ٹریفک نے تمام فیلڈ افسران کو ہدایت کی ہے کہ حادثاتی مقامات اور مصروف جنکشنز پر اضافی ٹریفک اہلکار تعینات کیے جائیں، اور اوور لوڈڈ ٹرالیاں چلانے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائیمراسلے میں مزید کہا گیا ہے کہ گنے سے لوڈڈ ٹرالیوں پر چاروں اطراف رفلیکٹنگ لائٹس لگانا لازمی ہوگا تاکہ رات کے اوقات میں حادثات سے بچا جا سکے ٹریفک پولیس اور شوگر ملز مالکان کو باہمی تعاون سے آگاہی مہم چلانے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔ٹریکٹر ٹرالیوں کے ساتھ اضافی ٹرالیاں جوڑنے والوں کے خلاف بھی سخت کارروائی کا حکم دیا گیا ہے، جبکہ دورانِ ڈیوٹی تمام ٹریفک اہلکاروں کو رفلیکٹنگ جیکٹس پہننے اور سڑکوں و پولیس چیک پوسٹس پر حفاظتی رفلیکٹر اسٹیکرز و نشانات لگانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب محمد وقاص نذیر نے کہا کہ گنے کے کرشنگ سیزن کے آغاز کے ساتھ کیے جانے والے ان اقدامات سے حادثات میں نمایاں کمی آئے گی، اور عوام کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے گا۔