وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے 17 اگست کو جاپان کے دورے کے تمام انتظامات حتمی طور پر مکمل کر لیے گئے ہیں۔
مریم نواز ایک بڑے وفد کے ہمراہ جاپان پہنچیں گی، جہاں پاکستان کے سفیر عبدالحمید اور جاپانی حکومت کے اعلیٰ حکام ان کا شاندار استقبال کریں گے۔دورے کے دوران وزیراعلیٰ پنجاب مختلف حکومتی شخصیات، بڑے کاروباری اداروں اور جاپانی سرمایہ کاروں سے ملاقات کریں گی۔ اس کے علاوہ، وہ ایک خصوصی سرمایہ کاری کانفرنس کی میزبانی کریں گی اور جاپان کے شہر اوساکا میں منعقد ہونے والی عالمی نمائش "ایکسپو جاپان" میں بھی شریک ہوں گی۔پاکستان مسلم لیگ (ن) جاپان کے صدر ملک نور اعوان کے مطابق، ن لیگ جاپان کی جانب سے وزیراعلیٰ پنجاب کے اعزاز میں ایک شاندار تقریب کا اہتمام کیا جا رہا ہے، جو جاپان کے ایک معروف فائیو اسٹار ہوٹل میں منعقد ہوگی۔ تقریب میں پانچ سو سے زائد مہمان مدعو کیے گئے ہیں۔
تقریب کی میزبانی مسلم لیگ (ن) جاپان کے صدر ملک نور اعوان کریں گے، جبکہ مسلم لیگ (ن) انٹرنیشنل افیئرز کے سابق جنرل سیکریٹری شیخ قیصر محمود بھی خصوصی طور پر جاپان پہنچ چکے ہیں تاکہ وزیراعلیٰ پنجاب کا استقبال کر سکیں۔اس یادگار تقریب کی آرگنائزنگ کمیٹی میں مسلم لیگ (ن) جاپان کے چیئرمین ملک یونس سمیت دیگر اہم رہنما شامل ہیں، جو انتظامات کو حتمی شکل دینے میں مصروف ہیں۔یہ دورہ نہ صرف پاکستان اور جاپان کے تعلقات کو مزید مضبوط کرے گا بلکہ دونوں ممالک کے درمیان سرمایہ کاری اور تجارتی تعاون کے نئے مواقع بھی فراہم کرے گا۔