لاہور:وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز آج نجی دورے کے سلسلے میں لندن روانہ ہوں گی۔ ذرائع کے مطابق مریم نواز لاہور سے دبئی کے راستے لندن جائیں گی۔
وہ پہلے لاہور سے خصوصی طیارے کے ذریعے دبئی پہنچیں گی، جہاں کچھ وقت قیام کے بعد کمرشل پرواز کے ذریعے لندن روانہ ہوں گی۔لندن پہنچنے پر مریم نواز اپنے ذاتی معالجین سے طبی معائنہ کروائیں گی۔ حالیہ دنوں میں انہیں گلے کی شدید انفیکشن کے باعث صحت کے مسائل کا سامنا کرنا پڑا، جس کے باعث وہ پیر کے روز تقریباً 12 گھنٹے شریف میڈیکل سٹی کمپلیکس ہسپتال میں زیر علاج بھی رہیں۔ ان کے مقامی معالجین نے انہیں دو روز تک مکمل بیڈ ریسٹ کی ہدایت دی تھی اور اب ان کی طبیعت میں بہتری آنے کے بعد انہیں بین الاقوامی فضائی سفر کی اجازت دی گئی ہے۔
طبی معائنے کے بعد مریم نواز کا ممکنہ طور پر اپنے والد نواز شریف اور بھائیوں کے ہمراہ یورپ کے مختلف ممالک کے دورے کا بھی امکان ہے۔ ذرائع کے مطابق وہ نومبر کے وسط سے پہلے پاکستان واپس آئیں گی۔ سینئر وزیر مریم اورنگزیب بھی مریم نواز کے ہمراہ لندن روانہ ہوں گی تاکہ ان کی دیکھ بھال میں معاونت فراہم کر سکیں۔