وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے جاپان کے سفیر اکاما توسو شوئیچی نے ملاقات کی، جس میں دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات، تجارتی تعاون اور مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے فروغ پر بات چیت کی۔
ملاقات کے دوران مریم نواز اور جاپانی سفیر نے دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے اور نئے راستے تلاش کرنے کی ضرورت پر اتفاق کیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے جاپان کی جانب سے 2022 کے سیلاب کے دوران فراہم کردہ معاونت پر شکریہ ادا کیا۔جاپانی سفیر نے مریم نواز کو جاپان کا دورہ کرنے کی دعوت دی، جسے وزیراعلیٰ پنجاب نے قبول کر لیا۔ سفیر نے مریم نواز کے ترقیاتی منصوبوں اور عوامی فلاح کے اقدامات کی تعریف کرتے ہوئے پاکستان کے سابق وزرائے اعظم محمد نواز شریف اور محمد شہباز شریف کے عوامی فلاحی ایجنڈے کو آگے بڑھانے کی اہمیت پر بھی روشنی ڈالی۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ پاکستان جاپان کے ساتھ اپنے تعلقات کو بڑی اہمیت دیتا ہے اور دونوں ممالک کے درمیان گہرے دوستانہ تعلقات ہیں۔ انہوں نے جاپانی حکومت اور عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ جاپان نے ہمیشہ مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا۔وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ پنجاب میں جاپانی سرمایہ کاروں کے لیے ہر ممکن سہولت اور تحفظ فراہم کیا جائے گا اور انہوں نے زراعت، معدنیات، آئی ٹی، اے آئی، روبوٹکس اور توانائی کے شعبوں میں جاپان کے ساتھ تعاون بڑھانے کی خواہش ظاہر کی۔