خیبر پختونخوا حکومت کے اعلیٰ حکام نے تصدیق کی ہے کہ صوبائی حکومت کا لاپتہ ہونے والا سرکاری ہیلی کاپٹر چینگی بانڈہ کے قریب کریش کر گیا ہے، جس میں سوار تین افراد شہید ہو گئے ہیں۔
وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کے مطابق ایم آئی 17 ہیلی کاپٹر سالار زئی میں امدادی سامان پہنچانے کے لیے روانہ ہوا تھا کہ خراب موسم کے باعث مہمند کی فضائی حدود میں اس سے رابطہ منقطع ہو گیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہیلی کاپٹر سے رابطہ قائم کرنے کے لیے تمام تر کوششیں کی جا رہی ہیں اور علاقے میں فوری طور پر ریسکیو ٹیمیں بھیج دی گئی ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ صوبائی حکومت کا دوسرا ہیلی کاپٹر ضلع بونیر میں ریسکیو کارروائیوں میں مصروف ہے۔قبل ازیں چیف سیکریٹری خیبر پختونخوا شہاب علی شاہ نے بھی تصدیق کی تھی کہ سرکاری ہیلی کاپٹر باجوڑ جاتے ہوئے تحصیل ماموند کے علاقے میں لاپتہ ہو گیا تھا۔ چیف سیکریٹری نے کہا کہ ہیلی کاپٹر امدادی سرگرمیوں کے لیے روانہ ہو رہا تھا اور اب اس کی تلاش کے لیے ضلع مہمند میں کارروائیاں جاری ہیں۔