گلگت بلتستان حکومت کے ترجمان فیض اللہ فراق نے تصدیق کی ہے کہ گلگت بلتستان حکومت کا ایک ہیلی کاپٹر ضلع دیامر کے علاقے چلاس تھور میں کریش ہو گیا ہے۔
ترجمان کے مطابق ہیلی کاپٹر کو فنی خرابی پیش آئی جس کے باعث اسے ہنگامی طور پر لینڈ کیا گیا، تاہم لینڈنگ کے بعد دوبارہ حادثہ پیش آیا اور ہیلی کاپٹر کریش کر گیا۔ہیلی کاپٹر میں 2 پائلٹ اور 3 ٹیکنیکل اسٹاف سوار تھے۔ حادثے کے بعد ہیلی کاپٹر میں آگ بھڑک اٹھی جسے بجھانے کی کوششیں جاری ہیں۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی ضلعی انتظامیہ، ریسکیو ٹیمیں، ایف سی این کے کمانڈر، ڈی جی گلگت بلتستان اسکاؤٹس، کمشنر دیامر سمیت بڑی تعداد میں عوام بھی جائے حادثہ پر پہنچ گئے ہیں۔
وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان نے حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو فوری طور پر موقع پر پہنچ کر امدادی کارروائیاں تیز کرنے کی ہدایت جاری کی ہے۔فیض اللہ فراق کے مطابق، امدادی ادارے اور مقامی لوگ مل کر آگ پر قابو پانے اور متاثرہ عملے کی تلاش و امداد میں مصروف ہیں۔