بونیر: چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) بیرسٹر گوہر نے بونیر میں شدید سیلابی صورتحال کے پیش نظر ہیلی کاپٹر سروس اور وفاقی و صوبائی حکومت سے ضلع کو آفت زدہ علاقہ قرار دینے کا مطالبہ کر دیا ہے۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے مختلف علاقے سیلاب کی زد میں ہیں اور بونیر کے کئی علاقوں میں گھروں کو نقصان پہنچا ہے جبکہ جانور اور گاڑیاں بھی سیلاب میں بہہ گئی ہیں۔ انہوں نے بونیر کے ارکان اسمبلی اور ضلعی انتظامیہ سے رابطہ کیا ہے اور ہیلی کاپٹر سروس کے ذریعے دو اہم مقامات پر ریسکیو آپریشن کے آغاز کا مطالبہ کیا ہے۔چیئرمین پی ٹی آئی نے مزید کہا کہ متاثرہ اضلاع میں ریسکیو آپریشن شروع کر دیا گیا ہے، اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے اور متعلقہ اداروں میں اسٹاف کی چھٹیاں منسوخ کی گئی ہیں۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ حوصلہ رکھیں اور ایک دوسرے کا ساتھ دیں، ریسکیو آپریشن میں تعاون کریں اور سیاسی اختلافات سے بالاتر ہو کر نقصانات کا ازالہ اور امدادی خدمات پر توجہ دیں۔