وزیراعلیٰ مریم نواز کی ہدایت پر جنوبی پنجاب کے 6 شہروں میں فلڈ ریسکیو آپریشنز کے لیے اضافی سامان اور عملہ تعینات

وزیراعلیٰ مریم نواز کی ہدایت پر جنوبی پنجاب کے 6 شہروں میں فلڈ ریسکیو آپریشنز کے لیے اضافی سامان اور عملہ تعینات

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر ملتان، مظفرگڑھ، رحیم یارخان، بہاولپور، لودھراں اور جلالپور پیروالا میں سیلاب متاثرہ علاقوں میں ریسکیو آپریشنز تیز کرنے کے لیے اضافی سامان اور اہلکار پہنچا دیے گئے ہیں۔

ملتان میں 108 کشتیاں، 109 ربڑ بوٹس اور 1130 لائف جیکٹس فراہم کی گئی ہیں، مظفرگڑھ میں 57 کشتیاں، 53 ربڑ بوٹس اور 683 لائف جیکٹس، رحیم یار خان میں 47 کشتیاں، 44 ربڑ بوٹس اور 519 لائف جیکٹس، بہاولپور میں 38 کشتیاں، 40 ربڑ بوٹس اور 519 لائف جیکٹس، اور لودھراں میں 19 کشتیاں، 18 ربڑ بوٹس اور 546 لائف جیکٹس فراہم کی گئی ہیں۔

جلالپور پیروالا کی نواحی بستی بہاراں میں حفاظتی بلوچ واہ فلڈبند میں اچانک شگاف پڑنے کے بعد ہنگامی انخلا کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔ کمشنر ملتان اور ڈی سی ٹیمیں فوری طور پر متاثرہ علاقوں میں پہنچ گئی ہیں جبکہ پاک فوج اور ایری گیشن ٹیمیں بھی شگاف کی مرمت کے لیے سرگرم ہیں۔

متعلقہ ادارے اور ریسکیو ٹیمیں متاثرہ دیہات میں گھروں کے دروازوں پر جا کر شہریوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کر رہی ہیں، اور عوام کو فوری انخلا کے لیے اعلانات جاری کیے جا رہے ہیں۔