لاہور پولیس کی سرچ اور کومبنگ آپریشنز میں تیزی، محرم الحرام کے لیے سخت سکیورٹی اقدامات

لاہور پولیس کی سرچ اور کومبنگ آپریشنز میں تیزی، محرم الحرام کے لیے سخت سکیورٹی اقدامات

یکم محرم الحرام کے موقع پر امن و امان کے قیام اور سکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے لاہور پولیس نے شہر بھر میں سرچ اور کومبنگ آپریشنز مزید تیز کر دیے ہیں۔

ترجمان لاہور پولیس کے مطابق رواں سال اب تک شہر میں مجموعی طور پر 1966 سرچ اور کومبنگ آپریشنز کیے جا چکے ہیں، جن کا مقصد مشکوک عناصر کی نشاندہی اور سکیورٹی صورتحال کو بہتر بنانا ہے۔پولیس حکام کے مطابق ان آپریشنز کے دوران ایک لاکھ سے زائد گھروں اور 1 لاکھ 89 ہزار سے زائد افراد کی بائیومیٹرک تصدیق کی گئی۔ کارروائیوں کے دوران 891 مشتبہ افراد اور 158 اشتہاری ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔مزید بتایا گیا ہے کہ کرایہ داری ایکٹ کی خلاف ورزی پر 179 مقدمات اور ناجائز اسلحہ رکھنے پر 83 مقدمات درج کیے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ شراب نوشی کے 38 اور منشیات فروشی کے 61 مقدمات بھی رپورٹ ہوئے۔سکیورٹی اقدامات کے تحت مختلف مذہبی و رہائشی مقامات کی بھی سخت چیکنگ کی گئی، جن میں 34 امام بارگاہیں، 20 مساجد، 12 دربار، 343 ہوٹل، 467 ہاسٹلز اور 161 گیسٹ ہاؤسز شامل ہیں۔

سی سی پی او لاہور نے ہدایت کی ہے کہ محرم الحرام کے دوران سرچ اور کومبنگ آپریشنز کا سلسلہ بلا تعطل جاری رکھا جائے۔ انہوں نے کہا کہ امام بارگاہوں اور دیگر عبادت گاہوں کے اطراف روزانہ کی بنیاد پر مؤثر گشت اور سکیورٹی کو یقینی بنایا جائے۔سی سی پی او کے مطابق ڈولفن سکواڈ اور پی آر یو ٹیمیں امام بارگاہوں کے اطراف خصوصی گشت کریں گی، جبکہ جرائم کی روک تھام اور امن و امان کے قیام کے لیے پروایکٹو پولیسنگ حکمت عملی پر عمل کیا جا رہا ہے۔