اے این ایف کے چھاپے ، 15 منشیات فروش دھر لئے

 10 کارروائیوں کے دوران 94 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی 79 کلوگرام منشیات برآمد کرلیں
لاہور(کرائم رپورٹر) اے این ایف نے تعلیمی اداروں کے اطراف اور ملک کے مختلف شہروں میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 10 کارروائیوں کے دوران 15 ملزمان کو گرفتار کرکے 94 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی 79 کلوگرام منشیات برآمد کرلیں۔ترجمان اے این ایف کے مطابق سیونتھ روڑ راولپنڈی میں موٹر سائیکل سوار سے 525 گرام کی 868 ایکسٹیسی گولیاں برآمد کرکے ملزم کو گرفتار کرلیا۔ اٹک میں واقع یونیورسٹی کے قریب ملزم کے قبضے سے 520 گرام چرس برآمد کی گئی۔ اٹک میں ایک اور کارروائی کے دوران یونیورسٹی کے قریب ملزم سے 520 گرام چرس برآمد کی گئی۔ کہوٹہ روڑ اسلام آباد پر واقع یونیورسٹی کے قریب ملزم سے 500 گرام چرس برآمد کی گئی۔ ٹی چوک اسلام آباد کے قریب ملزم سے 100 گرام چرس برآمد کی گئی۔گرفتار ملزمان نے اعتراف کیا کہ وہ تعلیمی اداروں کے طلباء￿  کو منشیات فروخت کرتے تھے۔ جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر براستہ دبئی سے ریاض جانے والے 3 مسافروں کے سامان میں موجود ہارمونیم سے 1.850 کلو آئس برآمد کی گئی۔ باچا خان انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر قطر جانے والے مسافر کے پیٹ سے 155 گرام ہیروئن بھرے 23 کیپسولز برآمد کیے گئے۔پٹارو ٹول پلازہ جامشورو کے قریب بس میں سوار 3 مسافروں سے 72 کلو چرس برآمد کرکے ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ کاک پل اسلام آباد کے قریب 2 موٹر سائیکل سواروں کے قبضے سے 2 کلو آئس برآمد کی گئی۔ رنگ روڑ پشاور کے قریب گاڑی سے 1.800 کلوگرام آئس برآمد کرکے ملزم کو گرفتار کرلیا گیا۔گرفتار ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔