لاہور پولیس: 7655 منشیات فروش دھر لئے

7496 مقدمات ،ملزموں سے 3755 کلو چرس، 669 کلو آئس، 341 کلو ہیروئین بر آمد ہوئی 
لاہور (کرائم رپورٹر)لاہور پولیس کی انسدادِ منشیات کارروائیوں میں رواں سال 7655 ملزمان گرفتار اور 7496 مقدمات درج کیے گئے ہیں۔ ترجمان لاہور پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کے قبضہ سے 3755 کلو چرس، 669 کلو آئس، 341 کلو ہیروئین، 263 کلو افیون اور 45485 لیٹر شراب برآمد کی گئی ہے۔سی سی پی او بلال صدیق کمیانہ نے پولیس افسران کو منشیات فروشوں اور اسمگلروں کے خلاف کارروائیاں جاری رکھنے کے احکامات دیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آئس اور ہیروئین سمیت ماڈرن منشیات کے خاتمے کے لیے منظم اقدامات کیے جائیں۔سی سی پی او لاہور نے نوجوان نسل کو نشے کی لعنت سے بچانے کے لیے منشیات کی سپلائی چین میں ملوث ملزمان کو منطقی انجام تک پہنچانے پر زور دیا۔ انہوں نے والدین، اساتذہ اور سول سوسائٹی سے منشیات سے پاک معاشرے کے قیام میں اپنا کردار ادا کرنے کی اپیل بھی کی ہے۔