حج: 95ہزار درخواستیں ، کل آخری دن

 حج کیلئے تخمینہ اخراجات 11 لاکھ 50 ہزار سے 12 لاکھ 50 ہزار روپے کے درمیان ہے 
اسلام آباد (بیورو رپورٹ) سرکاری سکیم کے تحت فریضہ حج کی ادائیگی کیلئے درخواست جمع کرانے کا کل (ہفتہ) آخری دن ہے، اب تک 95ہزاردرخواستیں جمع کرائی گئی ہیں، سرکاری سکیم کیلئے 1 لاکھ 79 ہزار 210 افراد کا کوٹہ مختص ہے، 60 ہزار نجی آپریٹرز کے لیے کوٹہ سعودی حکام کی حتمی منظوری سے مشروط ہے۔ پہلے آ ئو پہلے پا ئو کی بنیاد پر درخواستیں وصول کی جارہی ہیں اور 16 اگست تک درخواستوں کی وصولی کا عمل جاری رہے گا، حج درخواست متعلقہ بینک یا وزارت مذہبی امور کے آن لائن پورٹل پر جمع کرائی جا سکتی ہے، سرکاری سکیم میں روایتی 38 تا 42 روزہ پیکیج کے ساتھ ساتھ مختصر 20 تا 25 روزہ آپشن بھی دیا جائے گا۔ تخمینہ اخراجات 11 لاکھ 50 ہزار سے 12 لاکھ 50 ہزار روپے کے درمیان ہے، درخواست کے ساتھ پیکیج کے مطابق پانچ لاکھ یا ساڑھے پانچ لاکھ کی پہلی قسط جمع کرانا لازمی ہے، دوسری قسط یکم نومبر سے وصول کی جائے گی۔ پاکستانی پاسپورٹ کے حامل بیرون ملک مقیم افراد بھی درخواست کے اہل ہیں اور قریبی عزیز کے ذریعے درخواست دے سکتے ہیں۔