حد رفتار کا تعین کرنے کے لیے سپیڈ گن کا استعمال کیا جا رہا ، بلا تفریق کاروائیاں جاری ہیں: ترجمان ٹریفک پولیس
لاہور (کرائم رپورٹر)ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب محمد وقاص نذیر نے اوور سپیڈنگ کرنے والوں کے خلاف سخت کاروائیوں کے احکامات جاری کیے ہیں۔ ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق صوبہ بھر میں اوور سپیڈنگ کرنے والوں کے خلاف بلا تفریق کاروائیاں جاری ہیں۔ رواں سال مقررہ حد رفتار سے تجاوز پر 95 ہزار سے زائد شہریوں کو چالان ٹکٹ جاری کیے گئے ہیں۔ اوور سپیڈنگ کے خلاف کاروائیوں میں 97 فیصد اضافہ ہوا ہے۔موٹر سائیکل، گاڑیاں اور کمرشل گاڑیوں کے خلاف سخت کاروائیاں عمل میں لائی جا رہی ہیں۔ حد رفتار کا تعین کرنے کے لیے سپیڈ گن کا استعمال کیا جا رہا ہے اور سیف سٹی کیمروں سے بھی اوور سپیڈنگ کرنے والوں کے خلاف کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔ڈی آئی جی ٹریفک نے کہا کہ اوور سپیڈنگ کرنے والے اپنی اور دوسروں کی زندگی خطرے میں ڈالتے ہیں۔ حادثات کی روک تھام کے لیے سپیڈ چیکنگ کیمروں کا استعمال ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹریفک پولیس کی اولین ترجیح عوام کے سفر کو آسان اور محفوظ بنانا ہے اور قیمتی انسانی جانوں کے تحفظ کے لیے بہترین اقدامات کیے جا رہے ہیں۔