گلگت بلتستان میں برف پگھلنے کی وارننگ، سیلاب کے خدشات بڑھ گئے

گلگت بلتستان میں برف پگھلنے کی وارننگ، سیلاب کے خدشات بڑھ گئے

گلگت بلتستان میں غیر معمولی گرمی کے باعث برف اور گلیشیئرز کے تیزی سے پگھلنے پر محکمہ موسمیات نے الرٹ جاری کر دیا، جس میں گلیشیئر لیک آؤٹ برسٹ فلڈز (GLOF) اور ممکنہ سیلاب کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق خطے میں درجہ حرارت معمول سے 7 سے 9 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ ہے، جو برف پگھلنے کی شرح میں نمایاں اضافہ کر رہا ہے۔ اس صورتحال سے برفانی جھیلوں کی تشکیل اور توسیع کا خطرہ بڑھ گیا ہے، جو پہاڑی اور میدانی علاقوں میں شدید سیلابی صورتحال پیدا کر سکتی ہیں۔فلڈ فورکاسٹنگ ڈویژن کے اعداد و شمار کے مطابق اگست کے پہلے 10 دنوں میں تربیلا ڈیم میں پانی کی آمد 41.8 ملین ایکڑ فٹ تک پہنچ گئی، جو عام موسم کی اوسط 36.16 ملین ایکڑ فٹ سے تقریباً 5.64 ملین ایکڑ فٹ زیادہ ہے۔ ماہرین کے مطابق یہ اضافہ برف اور گلیشیئرز کے غیر معمولی پگھلاؤ کا نتیجہ ہے۔حکام نے خبردار کیا ہے کہ اگر برف پگھلنے کی یہ رفتار برقرار رہی تو نچلے علاقوں میں آبادی، بنیادی ڈھانچے اور زراعت کو شدید خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔ محکمہ موسمیات نے ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کو جامع حکمت عملی کے تحت حفاظتی اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے، تاکہ ممکنہ آفات کے اثرات کو کم کیا جا سکے۔