امریکی دھمکیوں کے باوجود ایران نے سپریم لیڈر آیت اللہ سید علی حسینی خامنہ ای کے چہلم کے موقع پر ملک بھر میں تعزیتی اجتماعات منعقد کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
ایرانی حکام کے مطابق شہادت کو 40 دن مکمل ہونے پر 8 اپریل سے ملک بھر میں مجالس اور دعائیہ تقاریب کا آغاز ہوگا۔ ان اجتماعات میں مقررین اور علما رات 8 بجے سے اس سانحے پر روشنی ڈالیں گے جبکہ مساجد اور مقدس مقامات پر قرآن پاک کی تلاوت بھی کی جائے گی۔حکام کے مطابق جمعرات کے روز عوام اور مذہبی تنظیموں کے کارکنان جمہوری اسلامی اسکوائر سے جائے شہادت تک مارچ کریں گے۔ یہ مارچ صبح 9 بجے شروع ہوگا، جو اسی وقت کی مناسبت سے رکھا گیا ہے جب آیت اللہ خامنہ ای کو بم حملے میں نشانہ بنایا گیا تھا۔
جمعہ کے روز صبح 10 بجے مرکزی چہلم تقریب منعقد ہوگی جبکہ اس موقع پر ملک بھر میں خصوصی دعائیہ اجتماعات بھی کیے جائیں گے۔واضح رہے کہ آیت اللہ سید علی حسینی خامنہ ای کو 28 فروری کو تہران میں ان کے دفتر پر ہونے والے حملے میں شہید کیا گیا تھا، جو ایران پر جاری جنگ کے ابتدائی دنوں میں پیش آیا تھا۔