معرکہ حق کی کامیابی کے بعد جشن آزادی کا مزہ دوبالا ہوگیا: عظمیٰ بخاری

لاہور(سپیشل رپورٹر) وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا  معرکہ حق کی کامیابی کے بعد اس جشن آزادی کا مزہ دوبالا ہوگیا۔یومِ آزادی کے موقع پر قوم کے نام اپنے پیغام میں انہوں نے کہا 14 اگست کا دن ہمیں اللہ تعالیٰ کی اس عظیم نعمت کی یاد دلاتا ہے جو ہمیں شہداء￿  کی قربانیوں اور لاکھوں مسلمانوں کی ہجرت کے بعد حاصل ہوئی۔ یومِ آزادی اللہ تعالیٰ کا شکر بجا لانے کا تقاضا کرتا ہے، ہمیں یاد رکھنا چاہئے کہ یہ ملک بڑی قربانیوں کے بعد حاصل ہوا ہے اور ہمیں اسے ایمان، اتحاد اور قربانی کے جذبے سے سنوارنا ہے۔عظمیٰ بخاری نے معرکہ حق میں حالیہ کامیابی کو بھی قوم کے لئے باعثِ فخر قرار دیتے ہوئے کہا کہ ملکی دفاع میں حاصل کی گئی یہ اہم کامیابی اس سال کے جشنِ آزادی کو مزید معنی خیز اور پرمسرت بنا رہی ہے۔