معرکہ حق میں فتح کی وجہ سے جشن آزادی کا الگ ہی جذبہ ہے مریم نواز

رافیل گرانے والوں کوقوم کا سلام‘ اب غربت اور جہالت کے خلاف جنگ لڑیں گے، ملک کو بہتر بنانے کی جنگ ہوگی، فتنہ وفساد کے خلاف جنگ ہوگی
وعدہ کرتی ہوں  عوام کی زندگی میں بہتری کیلئے کوئی کسر نہیں چھوڑوں گی: یاد گار معرکہ حق، میوزیم اور پارک پراجیکٹ کی نقاب کشائی  تقریب سے خطاب
لاہور(سپیشل رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے بھارت کو معرکہ حق میں شکست دینے پر پاکستان کی مسلح افواج کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا ہے  اب غربت اور جہالت کے خلاف جنگ لڑیں گے، ملک کو بہتر بنانے کی جنگ ہوگی، فتنہ وفساد کے خلاف جنگ ہوگی۔وزیراعلیٰ نے  یاد گار معرکہ حق، میوزیم اور پارک پراجیکٹ کی نقاب کشائی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا  میں وعدہ کرتی ہوں  عوام کی زندگی میں بہتری لانے کے لیے کوئی کسر نہیں چھوڑوں گی، عہد کرتے ہیں کہ پاکستان کو غربت سے آزاد کرانے کے لیے بھرپور کردار ادا کریں گے-انہوں نے کہا کہ پاک فضائیہ نے رافیل مار گرائے تو کسی کو یقین نہیں آرہا تھا، سیاسی طور پر تقسیم ہو کر جنگ لڑتے تو کبھی جنگ نہ جیت پاتے، معرکہ حق سے دنیا جان گئی بنیان مرصوص کا مطلب کیا ہوتا ہے۔ لیپ ٹاپ سکیم کے لیے کالجوں میں جا کر سمجھ آیا ’’یہ وطن تمہارا ہے، تم ہو پاسبا ں اس کے، پوری قوم نے متحد اور یک جان ہو کر سیسہ پلائی دیوار کھڑی کردی، دشمن کے رافیل طیارے گرانے والوں کو قوم سلام پیش کرتی ہے۔ یوم آزادی کا یہ دن پاکستانی قوم کے نام ہے، پوری قوم سیسہ پلائی دیوار کی طرح افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، یوم آزادی کا دن ان ماؤں کے نام جو ماتھا چوم کر بیٹوں کو میدان جنگ میں بھیجتی ہیں۔ جوان بیٹوں کو رخصت کرنے والی ماؤں کو قوم، نوازشریف اور میں سر جھکا کر سلام عقیدت پیش کرتے ہیں، اپنے سہاگ مادر وطن کے لیے پیش کرنے والی بیٹیوں کو سلام کرتے ہیں، دفاع وطن کے لیے یتیمی کا تاج سر پر سجانے والے شہدا کے بچوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔، ہر سال یوم آزادی مناتے ہیں مگر معرکہ حق کی وجہ سے اس سال مزہ ہی اور ہے۔