اس وقت ہم سب پاکستانی ہیں اور بحیثیت پاکستانی اپنا جشن منا رہے ہیں:وفاقی وزیراطلاعات
اسلام آباد(یواین پی)وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے معرکہ حق کی فتح اور پاکستان میں آزادی کا جشن بھارت کے لیے واضح پیغام ہے۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا معرکہ حق کی فتح سے آزادی کا جشن دوبالا ہو گیا ہے۔ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے معرکہ حق میں دشمن کو مات ہوئی۔ قوم نہ صرف یوم آزادی کا جشن بلکہ معرکہ حق کی فتح کا جشن بھی منا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے ہمیں آزادی کی نعمت سے نوازا اور آزاد فضاؤں میں سانس لینا نصیب ہوا۔ چھوٹے بچوں سے لے کر بزرگوں تک سبز ہلالی پرچم تھامے گھروں سے باہر نکلے ہوئے ہیں۔ عوام اپنی فیملیز کے ساتھ پارلیمنٹ ہاؤس سمیت دیگر اہم عمارتوں کے سامنے قومی پرچموں کے سائے تلے خوشیاں منا رہے ہیں۔عطا اللہ تارڑ کا کہنا تھا کہ اس وقت ہم سب پاکستانی ہیں اور بحیثیت پاکستانی اپنا جشن منا رہے ہیں۔