تفریحی مقامات بند ،بڑی گاڑیوں کے داخلے پر پابندی، ضروری دفاتر کھلے رہیں گے
اسلام آباد (خصوصی رپورٹ)جشن آزادی و معرکہ حق کی تقریبات کے موقع پر وفاقی دارالحکومت کی حدود میں آج مقامی تعطیل کا اعلان ،اہم تفریحی مقامات بند رہیں گے، جڑواں شہروں میں آج دوپہر 12 بجے سے 14اگست صبح 03 بجے تک تمام بڑی گاڑیوں کا داخلہ بند ہوگا جبکہ اسلام آباد ٹریفک پولیس نے آج اور کل کیلئے ٹریفک ڈائیورشن پلان بھی جاری کر دیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کی طرف سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق اسلام آباد کی حدود میں تمام نجی ادارے، سکول، کالجز، جامعات اور نجی کاروباری ادارے و دفاتر بند رہیں گے جبکہ اسلام آباد کی حدود میں اسلام آباد انتظامیہ کے تحت ضروری خدمات کے تمام دفاتر کھلے رہیں گے۔ تمام وفاقی وزارتیں، ڈویڑن اور تمام وفاقی ذیلی ادارے اور دفاتر بھی کھلے رہیں گے۔ لیک ویوپارک، دامن کوہ ، پاکستان مانو منٹ و شکرپڑیاں کے تفریحی مقامات بند رہیں گے، ٹریل ٹو، تھری، فور، فائیوسمیت سید پور گائوں سے متصل ٹریلز بھی بند رہیں گی۔ پولیس حکام کے مطابق جی ٹی روڈ پشاور سے پنڈی آنے والی ہیوی ٹریفک کو سنگجانی کے مقام پر روک دیا جائے گا، جی ٹی روڈ لاہور سے راولپنڈی آنے والی ٹریفک کو ٹی چوک کے مقام پر روک دیا جائے گا جبکہ موٹروے سے اسلام آباد آنے والی ٹریفک 26 نمبر سے بندہوگی۔