دن کے آغاز پر توپوں کی سلامی، نماز فجر میں ملکی ترقی، یکجہتی،امن اور خوشحالی کیلئے خصوصی دعائیں ‘ملک کا ہر شہر ،ہر گلی،محلہ سبز ہلالی پرچم کے رنگوں میں رنگ گیا
شہری یوم آزادی منانے سڑکوں پر نکل آئے ، چراغاں‘آتش بازی ،ریلیاں نکالی گئیں‘مزار قائد اور مزار اقبال میں گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریبات
اسلام آباد (آئی این پی )ملک بھر میں 78 واں یوم آزادی ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا ۔رواں سال یوم آزادی کو معرکہ حق کی عظیم فتح سے منسوب کیا گیا ہے ، قوم نے اس عہد کی تجدید کی کہ ملک کو ایک حقیقی اسلامی فلاحی ریاست بنانے کے لیے تحریک پاکستان کے جذبے سے کام کیا جائے گا،اس موقع پر ملک بھر میں عام تعطیل کی گئی ۔ دن کے آغاز پر وفاقی دارالحکومت میں 31 اور صوبائی ہیڈکوارٹرز میں 21، 21 توپوں کی سلامی دی گئی اور نماز فجر میں ملکی ترقی، یکجہتی،امن اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔پاکستان کا 78واں یومِ آزادی قوم کو مبارک ہو۔ رات 12 بجتے ہی ملک بھر میں جشن کا آغاز ہوگیا۔ملک کے چھوٹے، بڑے شہروں میں یوم آزادی کا بھرپور طریقے سے استقبال کیا گیا۔شہری سڑکوں پر امڈ آئے، فضا پاکستان زندہ باد کے نعروں سے گونج اٹھی، چھوٹی بڑی ریلیوں اور مختلف ثقافتی شوز کا انعقاد کیا گیا، شہریوں نے ملی نغموں اور ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالے۔بھارت کے خلاف تاریخی فتح اور آزادی کا جشن،ملک کا ہر شہر ،ہر گلی،محلہ سبز ہلالی پرچم کے رنگوں میں رنگ گیا۔کراچی، لاہور، اسلام آباد، پشاور، کوئٹہ اور ملتان سمیت ملک کے کونے کونے میں چراغاں اور آتش بازی کا مظاہرہ کیا گیا۔یوم آزادی منانے شہری سڑکوں پرنکل آئے، جگہ جگہ جشن آزادی پر ریلیاں نکالی گئیں۔