غزہ میں جنگ بندی کے باوجود اسرائیلی حملے جاری، خان یونس میں میزائل حملے سے خیمہ بستی میں آگ، 5 فلسطینی شہید

غزہ میں جنگ بندی کے باوجود اسرائیلی حملے جاری، خان یونس میں میزائل حملے سے خیمہ بستی میں آگ، 5 فلسطینی شہید

غزہ میں جنگ بندی کے باوجود اسرائیلی حملے جاری ہیں۔

جمعرات کی صبح خان یونس کے علاقے میں اسرائیلی میزائل حملے کے نتیجے میں خیمہ بستی میں آگ بھڑک اُٹھی، جس کے نتیجے میں 2 بچوں سمیت 5 فلسطینی شہید ہوگئے۔ مقامی افراد نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے آگ پر قابو پایا اور مزید خیموں کو جلنے سے بچایا۔الکویتی اسپتال کے طبی حکام کے مطابق، اسپتال میں لائی گئی پانچ لاشوں میں دو بچے بھی شامل ہیں۔ زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے، اور کچھ افراد کی حالت تشویشناک ہے۔اسرائیلی فوج کا دعویٰ ہے کہ یہ حملہ حماس کے ایک جنگجو کو نشانہ بنانے کے لیے کیا گیا، جب کہ حماس کا موقف ہے کہ یہ کارروائی جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی ہے اور اس کے نتائج کی ذمہ داری اسرائیل پر عائد ہوگی۔

رپورٹس کے مطابق، 10 اکتوبر سے نافذ جنگ بندی کے بعد سے غزہ میں 350 سے زائد فلسطینی مختلف حملوں میں شہید ہو چکے ہیں۔ اگرچہ اس معاہدے کے بعد تشدد میں کمی آئی ہے، تاہم اسرائیلی فضائی اور زمینی حملے وقفے وقفے سے جاری ہیں، جس سے علاقے میں کشیدگی اور بے چینی برقرار ہے۔