جنگ بندی کے باوجود پیر کی صبح سے غزہ کے مختلف علاقوں پر ہونے والے اسرائیلی حملوں میں 4 فلسطینی شہید جبکہ 22 دیگر زخمی ہو گئے۔
مقامی طبی ذرائع کے مطابق اسرائیلی حملوں میں گاڑیوں اور رہائشی علاقوں کو نشانہ بنایا گیا۔ خان یونس کے جنوبی علاقے قیزان النجار میں ایک گاڑی پر حملے کے نتیجے میں 2 فلسطینی شہید اور 16 افراد زخمی ہوئے۔عینی شاہدین کے مطابق اسرائیلی فوج نے خان یونس کے شمال میں المطاحین جنکشن کے قریب ایک دوسری گاڑی کو بھی نشانہ بنایا، تاہم اس حملے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔دوسری جانب غزہ شہر کے جنوب میں تل الہوا محلے میں ایک رہائشی گھر پر اسرائیلی حملے کے نتیجے میں ایک فلسطینی مرد اور اس کی اہلیہ شہید ہو گئے، جبکہ 6 افراد زخمی ہوئے۔
حملے کے بعد گھر میں آگ بھڑک اٹھی، جسے شہری دفاع کی ٹیموں اور مقامی مکینوں نے مشترکہ کوششوں سے بجھا دیا۔طبی ذرائع کے مطابق زخمیوں کو قریبی اسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے، جبکہ متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔ جنگ بندی کے باوجود حملوں کے تسلسل نے علاقے میں کشیدگی اور انسانی بحران سے متعلق خدشات میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔