غیر اخلاقی تعلقات پر ڈی ایس پی برخاست

لاہور(کرائم رپورٹر)اختیارات کے ناجائز استعمال اور خاتون سے غیر اخلاقی تعلقات قائم کرنے کے الزام میں ڈی ایس پی حسن کو نوکری سے برخاست کر دیا گیاانکوائری رپورٹ کے مطابق ڈی ایس پی حسن نے مقدمہ کی درخواست دہندہ خاتون (س) سے دورانِ تفتیش ناجائز تعلقات استوار کیے۔ رپورٹ میں یہ بھی انکشاف ہوا ہے کہ ملزم افسر نے خاتون کے کیسز حل کروانے کا لالچ دے کر اس سے نجی ملاقاتیں بھی کیں۔ذرائع کے مطابق خاتون نے 2023 میں ڈی ایس پی حسن کے خلاف ہراساں کرنے کی درخواست دائر کی تھی، جس پر مختلف مراحل میں انکوائریاں کی گئیں۔ ابتدائی انکوائری میں ڈی آئی جی امین بخاری نے معمولی سزا تجویز کی، تاہم خاتون کی جانب سے ازسرِ نو انکوائری کی درخواست پر ایڈیشنل آئی جی محمد ادریس نے کیس کے تمام پہلوؤں کا تفصیلی جائزہ لیابعد ازاں تیسری انکوائری ایڈیشنل آئی جی عمران محمود کے سپرد کی گئی، جہاں بھی ڈی ایس پی حسن اپنی بے گناہی ثابت کرنے میں ناکام رہے۔ دونوں اعلیٰ سطحی انکوائریز میں افسر کی نوکری سے برخاستگی کی سفارش کی گئی۔تین مختلف انکوائری افسران کی رپورٹس کی روشنی میں آئی جی پنجاب عبدالکریم نے ڈی ایس پی حسن کو نوکری سے برخاست کرنے کے احکامات جاری کر دییذرائع کے مطابق ڈی ایس پی حسن نے آئی جی کے فیصلے کے خلاف محکمہ داخلہ میں اپیل دائر کر دی ہے۔