ویب ڈیسک: اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے 26 نومبر احتجاج کیس میں پی ٹی آئی کی رہنما بشریٰ بی بی کو شامل تفتیش کرنے کا حکم دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق بشریٰ بی بی کے خلاف 26 نومبر کو ہونے والے احتجاج پر مقدمہ درج کیا گیا تھا، جس میں عدالت نے ان کی عبوری ضمانت میں 6 مئی تک توسیع کر دی۔ ایڈیشنل سیشن جج چوہدری عامر ضیا کی سربراہی میں کیس کی سماعت ہوئی۔عدالت نے تفتیشی افسر کو ہدایت کی کہ وہ بشریٰ بی بی کو تفتیش میں شامل کریں اور ان سے متعلقہ سوالات کریں۔ پی ٹی آئی کے وکلا کی جانب سے بشریٰ بی بی کی حاضری معافی کی درخواست دائر کی گئی تھی، جس میں ان کے وکیل خالد یوسف چوہدری نے عدالت میں پیش ہو کر اس درخواست کو پیش کیا۔
اس کے علاوہ، اسپیشل پبلک پراسیکیوٹرز بیرسٹر فہد ارسلان چوہدری، محمد عثمان رانا ایڈووکیٹ، اور بیرسٹر منصور اعظم بھی عدالت میں پیش ہوئے۔واضح رہے کہ بشریٰ بی بی کے خلاف تھانہ رمنا میں 26 نومبر احتجاج کے دوران حصہ لینے پر مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ اس کیس میں عدالت نے حکم دیا کہ بشریٰ بی بی کو شامل تفتیش کیا جائے تاکہ اس واقعے کے تمام پہلوؤں کی تحقیقات مکمل کی جا سکیں۔