ویب ڈیسک: انسدادِ دہشت گردی عدالت راولپنڈی نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف درج 29 مقدمات کا مکمل ریکارڈ پیش کرنے کا حکم دے دیا ہے۔
26 نومبر احتجاج کیسز کی سماعت جج امجد علی شاہ نے کی، جس میں عدالت نے بشریٰ بی بی کی 29 مقدمات میں عبوری ضمانتوں میں 4 نومبر تک توسیع کر دی۔سماعت کے دوران وکلا مصروفیت کے باعث عدالت میں پیش نہیں ہو سکے، جب کہ پولیس کی جانب سے بھی متعلقہ ریکارڈ پیش نہیں کیا گیا۔عدالت نے حکم دیا کہ آئندہ سماعت پر تمام مقدمات کا ریکارڈ لازمی طور پر پیش کیا جائے، اور پولیس کو جیل میں بشریٰ بی بی سے تفتیش مکمل کرنے کی بھی ہدایت دی۔جج امجد علی شاہ نے مزید کہا کہ آئندہ تاریخ پر تمام فریقین کے وکلا اپنے حتمی دلائل پیش کریں تاکہ کیس کو جلد نمٹایا جا سکے۔