26 نومبر احتجاج کیس: بشریٰ بی بی عدالت سے عبوری ضمانت حاصل کرنے میں کامیاب

26 نومبر احتجاج کیس: بشریٰ بی بی عدالت سے عبوری ضمانت حاصل کرنے میں کامیاب

راولپنڈی: انسداد دہشت گردی عدالت نے 26 نومبر احتجاج کیس میں بشریٰ بی بی کی عبوری ضمانت میں 9 اپریل تک توسیع کر دی ہے۔ سماعت جج امجد علی شاہ نے کی، جبکہ بشریٰ بی بی کے وکیل فیصل ملک عدالت میں پیش ہوئے۔

وکیل صفائی نے عدالت سے استدعا کی کہ بشریٰ بی بی کو تمام مقدمات میں شامل تفتیش کیا جائے، کیونکہ پولیس نے ابھی تک انہیں کسی بھی مقدمے میں شامل تفتیش نہیں کیا۔ عدالت نے حکم دیا کہ 29 مقدمات میں بشریٰ بی بی کو شوہر اور وکلا کی موجودگی میں شامل تفتیش کیا جائے۔دریں اثنا، جی ایچ کیو حملہ کیس کی سماعت بغیر کسی کارروائی کے 7 اپریل تک ملتوی کردی گئی۔ سماعت کے دوران آج بھی اڈیالہ جیل اور عدالت کے درمیان ویڈیو لنک سسٹم فعال نہ ہو سکا، جس کی وجہ سے کارروائی آگے نہیں بڑھ سکی۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر ویڈیو لنک سسٹم کو فعال بنانے کی ہدایت جاری کی ہے۔

سماعت میں سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد اور شیریں مزاری عدالت میں پیش ہوئے جبکہ دیگر ملزمان کی حاضری کا سلسلہ جاری رہا۔ عدالت کو بتایا گیا کہ بانی چیئرمین پی ٹی آئی کی جیل روبکار پر حاضری لگائی گئی ہے۔ کیس میں اب تک 119 گواہوں میں سے 44 کے بیانات ریکارڈ کیے جا چکے ہیں۔وکیل صفائی کے مطابق ویڈیو لنک ٹرائل سے متعلق نوٹیفکیشن کو ہائی کورٹ میں چیلنج کیا گیا ہے، جس پر آئندہ سماعت میں مزید پیش رفت متوقع ہے۔