ڈی آئی جی آپریشنز کا مختلف گرجا گھروں کا دورہ، سکیورٹی کا جائزہ

 2496 پولیس افسران و جوان تعینات، فیصل کامران نے انتظامات کا معائنہ کیا
 لاہور (کرائم رپورٹر) ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے شہر کے مختلف گرجا گھروں کا دورہ کرتے ہوئے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے کینٹ، ماڈل ٹا ئون، گلبرگ سمیت دیگر علاقوں میں گرجا گھروں کی سکیورٹی اور تعینات نفری کا معائنہ کیا۔ ترجمان ڈی آئی جی آپریشنز کے مطابق 2496 پولیس افسران و جوان گرجا گھروں کی سکیورٹی ڈیوٹی پر تعینات کیے گئے ہیں جبکہ ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران خود سکیورٹی انتظامات کی نگرانی کے لیے فیلڈ میں موجود رہے۔ انہوں نے گرجا گھروں کی انتظامیہ سے ملاقات کرکے سکیورٹی امور پر تبادلہ خیال بھی کیا۔ فیصل کامران نے کہا کہ سپروائزری افسران فیلڈ میں موجود ہیں اور چرچ انتظامیہ سے مسلسل رابطے میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لاہور پولیس بلا تفریق مکمل جذبے سے شہریوں کے تحفظ کے لیے فرائض انجام دے رہی ہے، دعائیہ تقریبات کے شرکاء￿  سکیورٹی برقرار رکھنے کے لیے پولیس سے تعاون کریں اور کسی بھی مشکوک سرگرمی یا شخص کی فوری اطلاع پولیس کو دیں۔