لاہور(کرائم رپورٹر)ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے شہر کے مختلف گرجا گھروں کا دورہ کیا اور سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔ فیصل کامران نے مال روڈ، انارکلی، نیلا گنبد اور قلعہ گجر سنگھ کے گرجا گھروں کا بھی معائنہ کیا۔فیصل کامران نے گرجا گھروں کی انتظامیہ سے ملاقات کی اوران سے سکیورٹی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ڈی آئی جی آپریشنز کے احکامات پر تمام ڈویڑنل ایس پیز ، ایس ڈی پی اوز اور ایس ایچ اوز فیلڈ میں متحرک ہیں۔تمام ڈویڑنل ایس پیز نے اپنی نگرانی میں گرجا گھروں کے حفاظتی انتظاماتِ مکمل کروائے۔ترجمان ڈی آئی جی آپریشنزکے مطابق 3012 پولیس افسران و جوان گرجا گھروں کی سکیورٹی ڈیوٹی پر تعینات کر دیئے گئے۔اس موقع پر ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے بتایا کہ سپروائزری افسران فیلڈ میں موجود ہیں اور چرچ انتظامیہ سے مسلسل رابطے میں ہیں۔گرجا گھروں کے اطراف موثر پٹرولنگ اور چیکنگ کا عمل یقینی بنایا جا رہا ہے۔ فیصل کامران نے کہا کہ دعائیہ تقریبات کے شرکاء سکیورٹی برقرار رکھنے کیلئے پولیس سے تعاون کریں اورکسی بھی مشکوک سرگرمی یا شخص کی فوری اطلاع پولیس کو دیں۔