ڈی آئی جی آپریشنز کا شہر کے مختلف گرجا گھروں کا دورہ

 لاہور(کرائم رپورٹر)ڈی آئی جی آپریشنز نے شہر کے مختلف گرجا گھروں کا دورہ کرتے ہوئے سکیورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے سینٹ میری چرچ ایم ایم عالم روڈ، یونائٹڈ چرچ ایف سی کالج، کیتھولک چرچ مال روڈ، چرچ آف پاکستان ڈایوسِس نیلا گنبد اور کینٹ میں واقع گرجا گھروں کا معائنہ کیا۔دورے کے دوران ڈی آئی جی آپریشنز نے چرچ انتظامیہ سے ملاقات کی اور سیکیورٹی سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے عبادت گاہوں کے داخلی و خارجی راستوں، سیکیورٹی انتظامات، نگرانی کے نظام اور پولیس تعیناتی کا جائزہ لیا۔ڈی آئی جی آپریشنز نے موقع پر موجود پولیس افسران اور جوانوں کو ضروری ہدایات جاری کرتے ہوئے گرجا گھروں کے اطراف گشت اور ناکہ بندی کو مزید مؤثر بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے داخلی و خارجی راستوں کی سخت چیکنگ اور مسلسل نگرانی یقینی بنانے پر بھی زور دیااس موقع پر ڈی آئی جی آپریشنز کا کہنا تھا کہ عبادت گاہوں کی حفاظت پولیس کی اولین ترجیح ہے اور شہر میں امن و امان کے قیام کے لیے پولیس ہر وقت چوکس اور الرٹ ہے۔