ڈی آئی جی آپریشنز کا گرجا گھروں کا دورہ، سکیورٹی انتظامات کا جائزہ

دعائیہ تقریبات پر 2475 پولیس اہلکار تعینات، گرجا گھروں کی سکیورٹی مزید سخت
لاہور (کرائم رپورٹر) ڈی آئی جی آپریشنز لاہور فیصل کامران نے شہر کے مختلف گرجا گھروں کا دورہ کیا اور سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے مال روڈ، انارکلی سمیت دیگر علاقوں میں گرجا گھروں کی سکیورٹی، داخلی راستوں اور تعینات پولیس نفری کا معائنہ کیا۔ دعائیہ تقریبات کے موقع پر شہر بھر میں سکیورٹی ہائی الرٹ کردی گئی ہے، جبکہ ڈی آئی جی آپریشنز کی ہدایت پر گرجا گھروں میں فول پروف سکیورٹی انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں۔ ترجمان ڈی آئی جی آپریشنز کے مطابق تمام ڈویڑنل ایس پیز، ایس ڈی پی اوز اور ایس ایچ اوز فیلڈ میں متحرک ہیں، جبکہ گرجا گھروں کی سکیورٹی کے لیے 2475 پولیس افسران اور اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔ ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران خود بھی سکیورٹی انتظامات کی نگرانی کے لیے فیلڈ میں موجود رہے۔ انہوں نے گرجا گھروں کی انتظامیہ سے ملاقاتیں کیں اور سکیورٹی امور پر تبادلہ خیال کیا۔ فیصل کامران نے کہا کہ گرجا گھروں کے اطراف م ئوثر پٹرولنگ اور چیکنگ یقینی بنائی جارہی ہے۔ لاہور پولیس بلاامتیاز شہریوں کے تحفظ کے لیے پوری ذمہ داری اور جذبے کے ساتھ فرائض انجام دے رہی ہے۔ انہوں نے دعائیہ تقریبات میں شرکت کرنے والے افراد سے اپیل کی کہ وہ سکیورٹی برقرار رکھنے کے لیے پولیس سے تعاون کریں اور کسی بھی مشکوک سرگرمی یا شخص کے بارے میں فوری طور پر پولیس کو اطلاع دیں۔