لاہور(کرائم رپورٹر) ڈی آئی جی آپریشنز لاہور فیصل کامران نے اتوار کے روز یوحنا آباد، کینٹ اور گلبرگ کے علاقوں میں واقع گرجا گھروں کا دورہ کیا اور سیکیورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ ڈی آئی جی آپریشنز نے ڈیوٹی پر موجود افسران اور اہلکاروں کو ہدایت کی کہ گرجا گھروں کے اطراف مشکوک افراد اور سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھی جائے۔ انہوں نے کہا کہ عبادت گاہوں کے گرد پولیس گشت اور سی سی ٹی وی نگرانی میں مزید اضافہ کر دیا گیا ہے تاکہ شہریوں کو محفوظ ماحول فراہم کیا جا سکے۔ فیصل کامران کے مطابق لاہور بھر میں گرجا گھروں کی سیکیورٹی کے لیے 2 ہزار 65 پولیس اہلکار فرائض انجام دے رہے ہیں جبکہ سپروائزری افسران اتوار کے روز بھی خود سیکیورٹی انتظامات کی نگرانی کر رہے ہیں۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ لاہور پولیس بلا تفریق تمام شہریوں اور اقلیتوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے مکمل طور پر الرٹ ہے اور ہر کمیونٹی کے تحفظ کو یقینی بنانا اولین ترجیح ہے۔