لاہور میں سخت کریک ڈا ئون،شہر کے داخلی راستوں پر خصوصی ٹیمیں تعینات کردی گئیں
لاہور (کرائم رپورٹر) لاہور میں بغیر ہیلمٹ موٹرسائیکل سواروں کے خلاف شہر بھر میں سخت کریک ڈا ئون کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ سی ٹی او لاہور سید عبدالرحیم شیرازی نے کہا ہے کہ بغیر ہیلمٹ کوئی موٹرسائیکل شہر میں داخل نہیں ہوگی جبکہ مال روڈ، جیل روڈ، کینال روڈ اور مین بلیوارڈ روڈ پر بغیر ہیلمٹ موٹرسائیکل سواروں کو چلنے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی۔ سی ٹی او نے ایس پیز اور ڈی ایس پیز کو شہر کے تمام داخلی راستوں پر خصوصی ٹیمیں تعینات کرنے کا حکم دیتے ہوئے ہیلمٹ انفورسمنٹ مزید م ئوثر بنانے کی ہدایت کی۔ ان کے مطابق رواں سال 139 مہلک حادثات میں موٹرسائیکل سوار بلاواسطہ یا بالواسطہ ملوث رہے جبکہ جان لیوا حادثات میں 71 فیصد موٹرسائیکل سوار شامل ہیں۔ سید عبدالرحیم شیرازی نے کہا کہ سر پر لگنے والی چوٹیں حادثات میں اموات کی بڑی وجوہات میں شامل ہیں اور ہیلمٹ انفورسمنٹ مہم کے نتیجے میں ہیڈ ٹراما کے واقعات میں 40 فیصد کمی آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ لاہور میں 82 لاکھ رجسٹرڈ گاڑیوں میں 61 لاکھ سے زائد موٹرسائیکلیں شامل ہیں اور سخت انفورسمنٹ کا مقصد ریونیو حاصل کرنا نہیں بلکہ شہریوں کی قیمتی جانیں بچانا ہے۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ ہیلمٹ چالان کے خوف سے نہیں بلکہ اپنی حفاظت کے لیے پہنیں کیونکہ ہیلمٹ اور لین لائن ڈسپلن محفوظ سفر کی ضمانت ہیں۔