شہر کی ماڈل شاہراہوں پر 97.11 فیصد موٹرسائیکل سوار ہیلمٹ استعمال کرتے پائے گئے،سید عبدالرحیم شیرازی
لاہور(کرائم رپورٹر) ماڈل روڈز پر 97.11 فیصد موٹرسائیکل سوار ہیلمٹ کے پابند، AI سروے رپورٹ جاری تفصیلات کے مطابق لاہور ٹریفک پولیس نے پہلی بار آرٹیفشل انٹیلیجنس (AI) پر مبنی ہیلمٹ کمپلائنس سروے رپورٹ جاری کر دی، جس کے مطابق شہر کی ماڈل شاہراہوں پر 97.11 فیصد موٹرسائیکل سوار ہیلمٹ استعمال کرتے پائے گئے، جبکہ بغیر ہیلمٹ موٹرسائیکل سواروں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنانے کا اعلان بھی کر دیا گیا ہے۔چیف ٹریفک آفیسر (سی ٹی او) لاہور سید عبدالرحیم شیرازی کا کہنا ہے کہ سیف سٹی کے جدید کیمروں کی مدد سے ماڈل روڈز کے 17 اہم چوراہوں پر آرٹیفشل انٹیلیجنس کے ذریعے سروے کیا گیا۔ سروے کے دوران مخصوص اوقات میں 2 لاکھ 64 ہزار 112 موٹرسائیکلیں مختلف چوکوں سے گزریں، جن میں سے 2 لاکھ 56 ہزار 473 موٹرسائیکل سوار ہیلمٹ پہنے ہوئے تھے، جبکہ صرف 7 ہزار 639 افراد بغیر ہیلمٹ سفر کرتے پائے گئے۔اسی طرح آئی جی چوک کینٹ میں ہیلمٹ کمپلائنس کی شرح سب سے زیادہ 99.65 فیصد ریکارڈ کی گئی، جبکہ انٹرنیشنل ہوٹل چوک پر 99.54 فیصد، پل نہر مال روڈ پر 99.24 فیصد اور میڈیکل چوک پر 99.17 فیصد موٹرسائیکل سوار ہیلمٹ استعمال کرتے نظر آئے۔ ڈیوس روڈ پر 98.83 فیصد، فیصل چوک (اسمبلی ہال) پر 98.81 فیصد، ڈاکٹر ہسپتال چوک پر 98.63 فیصد، کینال ویو پر 97.53 فیصد اور آواری ہوٹل چوک پر 97.23 فیصد ہیلمٹ کمپلائنس ریکارڈ کی گئی۔ گورنر ہاؤس چوک پر 95.65 فیصد، ہائی کورٹ چوک پر 93.42 فیصد، عسکری 10 پر 92.88 فیصد، مین بلیوارڈ پر 92.22 فیصد، کینال فیروزپور روڈ پر 90.78 فیصد، جیل روڈ نہر پل پر 90.60 فیصد، جیل روڈ ریس کورس پر 88.55 فیصد جبکہ ایف سی کالج انڈر پاس پر سب سے کم 83.96 فیصد ہیلمٹ کمپلائنس سامنے آئی۔سی ٹی او سید عبدالرحیم شیرازی کا کہنا تھا کہ ہیلمٹ کے استعمال سے سر کی مہلک چوٹوں (ہیڈ ٹراما) کے کیسز میں 40 فیصد تک کمی دیکھی
گئی ہے، جبکہ جان لیوا ٹریفک حادثات میں 73 فیصد موٹرسائیکل سوار متاثر ہوتے ہیں، اس لیے شہریوں کی جانوں کے تحفظ کے لیے ہیلمٹ کا استعمال ہر صورت یقینی بنانا ہوگا۔انہوں نے بتایا کہ صرف لاہور میں 82 لاکھ رجسٹرڈ گاڑیوں میں سے 61 لاکھ سے زائد موٹرسائیکلیں ہیں، اسی وجہ سے ٹریفک حادثات میں بھی موٹرسائیکل سواروں کا تناسب سب سے زیادہ ہے۔ سی ٹی او کے مطابق مال روڈ، جیل روڈ، کینال روڈ، مین بلیوارڈ اور کینٹ کے علاقوں کو بغیر ہیلمٹ موٹرسائیکل سواروں کے لیے "نو گو ایریا" قرار دے دیا گیا ہے، جبکہ اب ان ماڈل روڈز سے ملحقہ شاہراہوں پر بھی بغیر ہیلمٹ سفر کرنے والوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔