موٹر سائیکل سواروں کیلئے 2 ہزار روپے ماہانہ ریلیف

 ریلیف تین ماہ کیلئے ہوگا، وزارت خزانہ نے لیوی میں کمی کی تجویز مسترد کردی
 اسلام آباد (خصوصی رپورٹ) پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بعد حکومت نے موٹر سائیکل سواروں کے لیے ماہانہ تقریباً 2 ہزار روپے ریلیف کی منظوری دے دی۔ رپورٹ کے مطابق ریلیف سکیم ابتدائی طور پر تین ماہ کے لیے ہوگی، جبکہ مشرق وسطیٰ کی صورتحال کے پیش نظر اس میں توسیع کا فیصلہ کیا جائے گا۔ موجودہ پیٹرول قیمتوں کے حساب سے 2 ہزار روپے کا ماہانہ ریلیف تقریباً پانچ لیٹر پیٹرول کے برابر بنتا ہے، جبکہ پبلک ٹرانسپورٹ اور چھوٹی گاڑیوں کے صارفین اس اسکیم سے محروم رہیں گے۔ ذرائع کے مطابق وزارت پیٹرولیم نے پیٹرولیم لیوی میں کمی کو 430 ارب روپے کے ہنگامی فنڈز سے پورا کرنے کی تجویز دی تھی، تاہم وزارت خزانہ نے آئی ایم ایف کی شرائط کا حوالہ دیتے ہوئے تجویز مسترد کردی۔ رپورٹ کے مطابق گزشتہ مالی سال ہنگامی فنڈز میں سے 113 ارب روپے بچ گئے تھے جبکہ پیٹرولیم لیوی کی مد میں بھی اضافی وصولیاں ہوئیں۔ جماعت اسلامی کے 20 ستمبر کے احتجاج سے قبل 2 ہزار روپے ریلیف کا اعلان سیاسی دبائو کم کرنے کی کوشش قرار دیا جارہا ہے۔