خاندان نے رات کا بچا ہوا سالن کھایا،میاں ، بیوی کی حالت تشویشناک، قدیر اور عاصمہ چل بسے
لاہور(کرائم رپورٹر )ہربنس پورہ کے علاقے میں مبینہ زہریلا کھانا کھانے سے دو بچے جاں بحق جبکہ ان کے والدین کی حالت تشویشناک ہوگئی۔ پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والے بچوں کی شناخت قدیر اور عاصمہ کے نام سے ہوئی ہے۔پولیس حکام کے مطابق میاں بیوی اور ان کے دو بچوں نے گزشتہ رات کا بچا ہوا سالن، آلو گوبھی، کھایا۔ کھانا کھانے کے کچھ دیر بعد چاروں افراد کی حالت بگڑ گئی، جنہیں طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا۔پولیس کے مطابق دورانِ علاج دونوں بچے دم توڑ گئے جبکہ ان کے والدین کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ واقعے کی اطلاع ملنے پر کرائم سین یونٹ اور فرانزک ماہرین جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور کھانے کے نمونے سمیت دیگر شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔پولیس حکام نے فوڈ ڈپارٹمنٹ کی ٹیم کو بھی موقع پر طلب کر لیا ہے۔ فرانزک ماہرین کے مطابق شبہ ہے کہ کھانے میں چھپکلی گرنے کے باعث وہ زہریلا ہوا، تاہم حتمی وجہ فرانزک اور دیگر تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ہی سامنے آئے گی۔ ماہرین کی جانب سے واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔