حکومت اور جماعت اسلامی کے پٹرولیم لیوی پر مذاکرات آج ہونا تھے‘ احسن اقبال کا لیاقت بلوچ سے رابطہ، مزید ایک روز کی مہلت مانگ لی
ہماری جدوجہد کے نتیجے میں حکومت 100 روپے فی لٹر ریلیف دینے پر مجبور ہوئی،لیوی کے خلاف جدوجہد جاری رہے گی:حافظ نعیم الرحمن
لاہور‘اسلام آباد(آئی این پی ) حکومت نے جماعت اسلامی سے پٹرولیم لیوی پر مذاکرات کے لئے مزید ایک روز کی مہلت مانگ لی ۔وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے جماعت اسلامی کے نائب امیر لیاقت بلوچ سے رابطہ کیا اور حکومت کی جانب سے مذاکرات کے تیسرے دور کے لیے مزید ایک روز کی مہلت مانگ لی۔جماعت اسلامی اور حکومت کے درمیان پٹرولیم لیوی کے معاملے پر مذاکرات کا تیسرا دور آج ( پیر )کو ہونا تھا۔لیاقت بلوچ کا کہنا ہے کہ احسن اقبال نے وزیر اعظم شہباز شریف کا پیغام ان تک پہنچایا۔ وزیر اعظم چاہتے ہیں کہ پٹرولیم لیوی کے معاملے پر مذاکرات منگل کو ہوں۔انھوں نے بتایا کہ حکومت نے مذاکرات کیلئے ایک کمیٹی پٹرولیم لیوی جب کہ دو کمیٹیاں آئی پی پیز کے معاملے پر قائم کر رکھی ہیں۔لیاقت بلوچ نے کہا حکومت اور جماعت اسلامی کے درمیان پٹرولیم لیوی پر مذاکرات منگل کو ہوں گے، جب کہ آئی پی پیز کے معاملے پر بات چیت بدھ کو کی جائے گی۔امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے ہماری جدوجہد کے نتیجے میں حکومت 100 روپے فی لیٹر کا ریلیف دینے پر مجبور ہوئی۔انہوں نے کہا کہ موٹرسائیکل، رکشہ اور چھوٹی گاڑیوں کے لیے پیٹرول پر ریلیف کا جائزہ لیں گے۔حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ اس اسکیم سے پیٹرول لیوی کے خلاف جاری ہماری جدوجہد پر فرق نہیں پڑے گا۔