ایک ہزار سی سی تک کی گاڑیوں کو بھی ریلیف پروگرام میں شامل کیا جا سکتا ہے:میڈیا سے گفتگو
حکومت کے ساتھ مذاکرات مکمل، وزیراعظم اور امیر جماعت اسلامی کی ملاقات 24 یا 25 نومبر کو متوقع
اسلام آباد (آن لائن) پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں عوام کو مزید ریلیف دینے اور پیٹرولیم لیوی میں کمی کے معاملے پر حکومت اور جماعت اسلامی کے درمیان مذاکرات اہم مرحلے میں داخل ہو گئے ہیں۔ دونوں فریقوں کی تکنیکی کمیٹیوں کے مذاکرات مکمل ہونے کے بعد تجاویز کے مسودے بھی تیار کر لیے گئے ہیں، جبکہ وزیراعظم شہباز شریف اور امیر جماعت اسلامی کے درمیان 24 یا 25 نومبر کو متوقع ملاقات میں عوامی ریلیف کے حتمی پیکیج کا اعلان کیے جانے کا امکان ہے۔جماعت اسلامی کی مذاکراتی کمیٹی کے سربراہ لیاقت بلوچ کی قیادت میں وفد نے جمعرات کو دفتر خارجہ میں حکومتی مذاکراتی کمیٹی سے ملاقات کی۔۔مذاکرات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے لیاقت بلوچ نے کہا حکومت نے لیوی میں مزید کمی کا منصوبہ تیار کر لیا ہے، جس کے تحت بجٹ سے قبل اسے بتدریج اس سطح پر لایا جائے گا جہاں سے اس میں اضافہ کیا گیا تھا۔لیاقت بلوچ نے بتایا کہ وزیراعظم ریلیف پروگرام کو وسعت دینے کی تجویز زیر غور ہے، جس کے تحت ایک ہزار سی سی تک کی گاڑیوں کو بھی اس پروگرام میں شامل کیا جا سکتا ہے۔ اسی طرح ساڑھے بارہ ایکڑ تک زرعی زمین رکھنے والے کاشتکاروں کو ٹریکٹروں کے لیے ڈیزل پر ریلیف دینے کی تجویز بھی مذاکرات کا حصہ رہی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں پیدا ہونے والے اور درآمد کیے جانے والے تیل کے لیے الگ الگ نرخ مقرر کرنے پر بھی بات ہوئی ہے۔ انہوں نے بجلی پیدا کرنے والی نجی کمپنیوں کے ساتھ معاہدوں پر نظرثانی کے عمل کی سست روی پر بھی حکومتی وفد کو اپنے تحفظات سے آگاہ کیا۔لیاقت بلوچ نے اعلان کیا کہ جماعت اسلامی کا جلسہ 22 نومبر کو کوئٹہ میں ہوگا، جبکہ وزیراعظم شہباز شریف اور امیر جماعت اسلامی کے درمیان 24 یا 25 نومبر کو ملاقات متوقع ہے