جنوبی افریقہ کے نوجوان بولر چاڈ لیکاک نے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک اوور میں پانچ وکٹیں حاصل کرنے والے پہلے بولر کا اعزاز اپنے نام کرلیا۔
19 سالہ چاڈ لیکاک نے منگل کو پیٹرمارٹزبرگ میں سی ایس اے پرو ٹوئنٹی کپ کے دوران کے زیڈ این اِن لینڈ کی نمائندگی کرتے ہوئے ٹائٹنز کے خلاف یہ تاریخی کارنامہ انجام دیا۔لیکاک نے میچ میں مجموعی طور پر 26 رنز دے کر 6 وکٹیں حاصل کیں، جو اس ٹورنامنٹ کی تاریخ کی بہترین بولنگ بھی ہے۔ اس سے قبل یہ ریکارڈ بیورن ہینڈرکس کے پاس تھا، جنہوں نے 2014 میں 29 رنز دے کر 6 وکٹیں حاصل کی تھیں۔لیکاک نے اننگز کے 19ویں اوور میں پہلے لیوس ڈو پلائے کو آؤٹ کیا، جس کے بعد اگلی چار گیندوں پر مزید چار کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ اس طرح انہوں نے مسلسل چار گیندوں پر چار وکٹیں حاصل کرنے کا اعزاز بھی اپنے نام کیا۔
تاہم چاڈ لیکاک کی شاندار بولنگ بھی اپنی ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکی۔ ٹائٹنز کی جانب سے دیے گئے 205 رنز کے ہدف کے تعاقب میں کے زیڈ این اِن لینڈ کی ٹیم 183 رنز بنا سکی اور 21 رنز سے میچ ہار گئی۔لیکاک نے بولنگ کے ساتھ بیٹنگ میں بھی نمایاں کارکردگی دکھائی اور 31 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔چاڈ لیکاک کی یہ کارکردگی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں ایک غیر معمولی کارنامہ قرار دی جارہی ہے، کیونکہ ایک اوور میں پانچ وکٹیں حاصل کرنا انتہائی نایاب ہے۔