جنوبی افریقی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ شکری کونراڈ نے انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے ویان مولڈر کو برائن لارا کا ٹیسٹ کرکٹ میں 400 رنز ناٹ آؤٹ کا عالمی ریکارڈ توڑنے سے کیوں روکا تھا۔
کوچ کے مطابق ان کا فیصلہ میچ کی صورتحال کے بجائے مولڈر کے ذہنی سکون اور مستقبل کے کرکٹ کیریئر کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا تھا۔گزشتہ سال زمبابوے کے خلاف ٹیسٹ میچ میں جنوبی افریقی آل راؤنڈر ویان مولڈر نے غیر معمولی بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 367 رنز ناٹ آؤٹ بنائے تھے۔ وہ اسکور کو مزید آگے بڑھا کر ویسٹ انڈیز کے سابق عظیم بلے باز برائن لارا کا 400 رنز ناٹ آؤٹ کا عالمی ریکارڈ توڑنے کی پوزیشن میں تھے، تاہم کوچ کے مشورے پر انہوں نے مزید بیٹنگ نہ کرنے کا فیصلہ کیا۔
عالمی ریکارڈ کے ساتھ دباؤ بھی بڑھ جاتا: شکری کونراڈ
جنوبی افریقی ہیڈ کوچ شکری کونراڈ کے مطابق انہیں خدشہ تھا کہ اگر مولڈر عالمی ریکارڈ قائم کرلیتے تو مستقبل میں ہر میچ کے دوران ان پر غیر معمولی دباؤ رہتا۔ان کا خیال تھا کہ ریکارڈ قائم کرنے کے بعد مولڈر کی ہر اننگز کا موازنہ ان کی تاریخی کارکردگی سے کیا جاتا اور چند خراب اننگز کے بعد بھی ان سے اسی معیار کی بیٹنگ کی توقع کی جاتی۔کوچ نے بتایا کہ انہوں نے مولڈر سے سوال کیا تھا کہ کیا وہ پوری زندگی عالمی ریکارڈ ہولڈر ہونے کا بوجھ اٹھانے کے لیے تیار ہیں؟شکری کونراڈ کے مطابق ان کے فیصلے کا مقصد نوجوان کرکٹر کو ایک ایسے اضافی دباؤ سے بچانا تھا جو مستقبل میں ان کی کارکردگی اور ذہنی سکون کو متاثر کرسکتا تھا۔
آسٹریلیا کے خلاف مولڈر کی شاندار کارکردگی
دوسری جانب ویان مولڈر نے حال ہی میں آسٹریلیا کے خلاف ہوم ٹیسٹ سیریز میں جنوبی افریقی ٹیم کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔انہوں نے کیپ ٹاؤن ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں 115 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، جس کی بدولت جنوبی افریقا نے آسٹریلیا کو 176 رنز سے شکست دے کر سیریز 1-2 سے اپنے نام کرلی۔مولڈر کی اس کارکردگی کو ان کی بیٹنگ صلاحیتوں کا ایک اور اہم مظاہرہ قرار دیا جارہا ہے۔
ویان مولڈر کا ٹیسٹ کرکٹ میں ریکارڈ
ویان مولڈر اب تک جنوبی افریقا کی جانب سے 27 ٹیسٹ میچز کھیل چکے ہیں، جن میں انہوں نے 1440 رنز بنانے کے ساتھ 48 وکٹیں بھی حاصل کی ہیں۔