جنوبی افریقی بیٹر مارکس ایکرمین کا ٹیسٹ کرکٹ میں نیا ریکارڈ، 2 سالہ بیٹے کی ویڈیو وائرل

جنوبی افریقی بیٹر مارکس ایکرمین کا ٹیسٹ کرکٹ میں نیا ریکارڈ، 2 سالہ بیٹے کی ویڈیو وائرل

جنوبی افریقا کے بیٹر مارکس ایکرمین نے بنگلادیش کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ میں شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے قومی ریکارڈ اپنے نام کرلیا، تاہم ان کی ریکارڈ ساز اننگز سے زیادہ توجہ ان کے ننھے بیٹے کے پیار بھرے ردعمل نے حاصل کرلی۔

سینچورین کے سپر اسپورٹ پارک میں جاری ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز مارکس ایکرمین نے جارحانہ انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے صرف 137 گیندوں پر 150 رنز مکمل کیے۔ اس کارکردگی کے ساتھ وہ جنوبی افریقا کی جانب سے ٹیسٹ کرکٹ میں تیز ترین ڈیڑھ سو رنز بنانے والے بیٹر بن گئے۔ان کی اننگز میں 23 چوکے اور 4 چھکے شامل تھے، جس نے بنگلادیشی بولرز کو دباؤ میں رکھا۔

ننھے بیٹے کا والد کے لیے پیار بھرا ردعمل وائرل
مارکس ایکرمین کی ریکارڈ ساز اننگز کے دوران ان کے دو سالہ بیٹے جیک نے بھی سب کی توجہ حاصل کرلی۔آؤٹ ہونے کے بعد جب ایکرمین پویلین کی جانب واپس جا رہے تھے تو اسٹیڈیم میں موجود کیمروں نے ان کے ننھے بیٹے کو والد کے لیے تالیاں بجاتے ہوئے دکھایا۔دو سالہ جیک کا اپنے والد کی حوصلہ افزائی کرنے کا یہ معصومانہ انداز سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا اور کرکٹ شائقین کی جانب سے اسے خوب پسند کیا جا رہا ہے۔

ایکرمین کی مسلسل دوسری ٹیسٹ سنچری
مارکس ایکرمین کی یہ مسلسل دوسری ٹیسٹ سنچری تھی۔ ان کی عمدہ بیٹنگ نے جنوبی افریقی ٹیم کو مضبوط پوزیشن میں پہنچا دیا ہے۔