پشاور: خیبرپختونخوا میں پولیس شہدا کے پیکج میں اضافے کے ساتھ ان کے بچوں کی تعلیم اور شادی کے لیے مالی معاونت کا بھی اعلان کردیا گیا۔
پولیس شہدا کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کانسٹیبل سے ڈی آئی جی رینک تک شہدا کے پیکج میں ڈیڑھ کروڑ روپے اضافے کا اعلان کیا، جبکہ شہدا کے اہلِ خانہ کے لیے گھر خریدنے کی غرض سے نقد مالی معاونت دینے کا بھی اعلان کیا۔گورنر نے پولیس اہلکاروں کے بچوں یا والدین کو نشانہ بنا کر قتل کیے جانے کی صورت میں بھی مالی معاونت کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ اہلِ خانہ کو نشانہ بنانے پر 50 لاکھ روپے دیے جائیں گے۔فیصل کریم کنڈی نے خیبرپختونخوا پولیس کو پنجاب کے طرز کا پیکج دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ پولیس شہدا کی بیٹیوں کو شادی کے موقع پر 10 لاکھ روپے دیے جائیں گے۔گورنر ہاؤس میں فیصل کریم کنڈی نے پولیس شہدا کے اہلِ خانہ میں پلاٹوں کے الاٹمنٹ لیٹرز بھی تقسیم کیے۔ بنوں، لکی مروت اور صوبے کے دیگر اضلاع میں شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں کے خاندانوں کو پلاٹوں کے لیٹرز دیے گئے۔
اس موقع پر گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ پورے صوبے کو پولیس کے ساتھ کھڑا ہونا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ صوبے کے ترقیاتی فنڈز ختم کیے جا سکتے ہیں، جبکہ پولیس کی تنخواہوں میں اضافہ کرکے انہیں دوسرے صوبوں کے ملازمین کی تنخواہوں کے برابر کردیا گیا ہے۔فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ تمام اداروں کے تعاون سے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے مؤثر حکمتِ عملی تیار کرنا ہوگی۔ انہوں نے وفاقی وزیر داخلہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وفاق صوبے کے ساتھ کھڑا ہے۔