اسلام آباد: یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن کی انتظامیہ نے باضابطہ سرکلر جاری کرتے ہوئے تمام ملازمین کو یکم ستمبر 2025ء سے فارغ کرنے کا اعلان کیا ہے۔
فیصلے کے تحت کارپوریشن کے 11,406 ملازمین کو حکومت کی جانب سے منظور شدہ مالی پیکج فراہم کیا جائے گا، جس کی مجموعی رقم 19 ارب 50 کروڑ 40 لاکھ روپے ہے۔
پیکج کی تفصیلات:
1. مستقل ملازمین (5,229 افراد):
2 سال یا کم سروس والے ملازمین کو باقی مہینوں کی مکمل تنخواہ دی جائے گی۔
20 سال سے زائد سروس والے ملازمین کو مکمل برسوں کی 2 جاری بنیادی تنخواہیں فراہم کی جائیں گی۔
20 سال تک سروس والے ملازمین کو مکمل برسوں کی 3 جاری بنیادی تنخواہیں یا باقی مہینوں تک 1.25 کی جاری بنیادی تنخواہ دی جائے گی۔
مجموعی پیکج: 13 ارب 18 کروڑ 30 لاکھ روپے۔
2. کنٹریکٹ ملازمین (3,323 افراد):
2 سال یا کم سروس پر باقی مہینوں کی جاری بنیادی تنخواہ۔
16 سال تک سروس پر 30 بنیادی تنخواہیں۔
16 سال سے زائد سروس پر 35 بنیادی تنخواہیں۔
مجموعی پیکج: 3 ارب 60 کروڑ 20 لاکھ روپے۔
3. ڈیلی ویجز ملازمین (2,854 افراد):
2 سال یا کم سروس: باقی مہینوں کی تنخواہ 37 ہزار روپے فی تنخواہ۔
10 سال تک سروس: 15 تنخواہیں۔
10–15 سال سروس: 28 تنخواہیں۔
15 سال سے زائد سروس: 30 تنخواہیں۔
مجموعی پیکج: 2 ارب 71 کروڑ 90 لاکھ روپے۔
سرکلر کے مطابق، تنظیم نو پلان کے تحت پہلے فارغ کیے گئے کنٹریکٹ اور ڈیلی ویجز ملازمین بھی اس پیکج کے اہل ہوں گے۔