وادیٔ کاغان کا دل کہلانے والا ناران اپنے طلسماتی حسن اور قدرتی مناظر کی وجہ سے دنیا بھر کے سیاحوں کی توجہ کا مرکز ہے۔
عالمی یومِ سیاحت کے موقع پر ناران کے ہوٹل مالکان نے ایک خوش آئند اقدام اٹھاتے ہوئے سیاحوں کے لیے خصوصی رعایتی پیکج کا اعلان کردیا ہے۔ ہوٹل مالکان نے اعلان کیا ہے کہ 27 ستمبر کو آنے والے سیاحوں کو ہوٹل کمروں اور جیپ کے کرایوں میں 50 فیصد رعایت دی جائے گی۔ اس اقدام کو نہ صرف مقامی بلکہ غیر ملکی سیاحوں نے بھی خوش آئند قرار دیا ہے۔ ناران آنے والے کئی خاندان اور سیاح رعایتی سہولت سے لطف اندوز ہو رہے ہیں، جبکہ ایک غیر ملکی خاتون سیاح نے بھی یہاں موجودگی کے دوران ناران کی خوبصورتی اور عوام کے مہمان نوازی کو سراہا۔
سیاحوں کا کہنا ہے کہ یہ رعایتی پیکج ناران کے سیاحتی حسن سے لطف اندوز ہونے کے لیے ایک بہترین موقع ہے۔ ماہرین کے مطابق اگر حکومت پاکستان سیاحت کے فروغ کے لیے عالمی معیار کے اقدامات کرے تو ناران سمیت ملک کے دیگر قدرتی مقامات عالمی سیاحت کا اہم مرکز بن سکتے ہیں۔