مستقل سرکیوں ڈھانپ کررکھتی ہوں؟اریج فاطمہ نے وجہ بتادی

مستقل سرکیوں ڈھانپ کررکھتی ہوں؟اریج فاطمہ نے وجہ بتادی

شوبز انڈسٹری سے کنارہ کشی اختیار کرنے والی اداکارہ اریج فاطمہ نے مسلسل سر ڈھانپے رکھنے کی وجہ بتاتے ہوئے کینسر کی تشخیص اور اپنی زندگی میں آنے والی تبدیلیوں کے بارے میں گفتگو کی ہے۔

اریج فاطمہ کا ایک ویڈیو کلپ سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہا ہے، جس میں وہ ایک انٹرویو کے دوران کینسر اور سر ڈھانپنے کے فیصلے سے متعلق بات کر رہی ہیں۔اداکارہ نے بتایا کہ بہت سے لوگ ان سے سوال کرتے ہیں کہ انہوں نے سر ڈھانپنا کیوں شروع کیا۔ ان کے مطابق جب انہیں کینسر کی تشخیص ہوئی تو انہیں خدشہ تھا کہ ان کے بال جھڑ جائیں گے۔ انہیں اپنے بالوں پر بہت ناز تھا اور وہ سب سے زیادہ انہی کے بارے میں فکر مند تھیں، کیونکہ ان کے نزدیک بال عورت کے اعتماد کا حصہ ہوتے ہیں۔اریج فاطمہ نے کہا کہ وہ بار بار کہتی تھیں کہ جب وہ گنجی ہوجائیں گی تو حجاب کرنا شروع کردیں گی، حالانکہ اللہ تعالیٰ نے ان کے بال نہیں گرنے دیے۔ اس بات کا انہیں کہیں نہ کہیں پچھتاوا رہا کہ کیا وہ حجاب کرنے کے لیے بال جھڑنے کا انتظار کر رہی تھیں؟انہوں نے بتایا کہ انہوں نے میتوں کو غسل دینا شروع کیا تھا، جو ان کی زندگی میں ایک اہم موڑ ثابت ہوا۔ اس تجربے کے بعد انہیں محسوس ہونے لگا کہ کسی بھی وقت کچھ بھی ہوسکتا ہے۔

بیماری ان کی قسمت میں تھی، لیکن اللہ تعالیٰ نے جس طرح ان کے لیے آسانیاں پیدا کیں، اس پر بھی غور کرنا چاہیے۔اریج فاطمہ نے مزید کہا کہ انہیں جس بیماری کی تشخیص ہوئی، عام طور پر اس کی بروقت تشخیص نہیں ہو پاتی، لیکن ان کے معاملے میں نہ صرف راتوں رات بیماری کی تشخیص ہوئی بلکہ علاج بھی شروع ہوگیا۔ انہوں نے اسے اللہ تعالیٰ کا کرم قرار دیا۔اداکارہ کا کہنا تھا کہ بعض لوگ بیماری کو گناہوں کی سزا قرار دیتے ہیں، لیکن ان کے مطابق بیماری انسان کی تقدیر میں لکھی ہوتی ہے، اس لیے مشکل حالات میں بھی اللہ پر توکل کا دامن ہاتھ سے نہیں چھوڑنا چاہیے۔