روسی وزیر داخلہ ولادیمیر کولاکولتسیف نے وزارت داخلہ اسلام آباد کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے ملاقات کی۔
اس موقع پر دونوں ممالک کے درمیان وفود کی سطح پر تفصیلی مذاکرات ہوئے، جن میں منظم جرائم، سائبر کرائم، منشیات اسمگلنگ اور غیر قانونی نقل مکانی کی روک تھام سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔ملاقات میں پاکستان اور روس نے مشترکہ مفادات کے تمام شعبوں میں باہمی تعاون کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔ دونوں ممالک نے معلومات اور مجرمان کے تبادلے سمیت ری ایڈمیشن معاہدے پر جلد عمل درآمد کو حتمی شکل دینے پر بھی اتفاق کیا۔مذاکرات میں سائبر کرائم کی روک تھام، اینٹی نارکوٹکس فورس اور دونوں ممالک کی پولیس اکیڈمیز کے درمیان تعاون بڑھانے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر دونوں ممالک کی وزارت داخلہ کے ورکنگ گروپس کے جلد ایک دوسرے کے ملک کے دورے کرنے پر اتفاق ہوا۔اجلاس میں پاکستان سے روس ہنرمند افرادی قوت بھیجنے اور سیاحوں و کاروباری برادری کے لیے ویزا کے حصول کو آسان بنانے کے امکانات کا بھی جائزہ لیا گیا۔وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ منظم جرائم کی روک تھام سے متعلق معاہدہ باہمی تعاون کے فروغ میں اہم سنگ میل ثابت ہوگا، جبکہ ویزا نظام میں آسانی سے دونوں ممالک کے عوام کے درمیان روابط مزید مضبوط ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان بالخصوص سائبر کرائم کی روک تھام کے لیے روس کے تجربات اور جدید تکنیک سے استفادہ کرنا چاہتا ہے۔ اس وقت تقریباً 1300 پاکستانی طلبہ روس میں زیر تعلیم ہیں اور پاکستان کی خواہش ہے کہ مزید طلبہ اعلیٰ تعلیم کے لیے روس جائیں۔روسی وزیر داخلہ ولادیمیر کولاکولتسیف نے کہا کہ دہشت گردی، منشیات کی اسمگلنگ، غیر قانونی نقل مکانی اور منظم جرائم کی روک تھام کے لیے مشترکہ اقدامات انتہائی ضروری ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ روس نے مؤثر اور جامع اقدامات کے ذریعے اپنے ملک میں سائبر کرائم کی شرح میں 33 فیصد تک کمی کی ہے اور وہ اس شعبے میں پاکستان کے ساتھ تعاون کے لیے تیار ہے۔ملاقات اور مذاکرات میں وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری، پاکستان میں روس کے سفیر، وزارت داخلہ کے اسپیشل و ایڈیشنل سیکرٹریز، ڈی جی ایف آئی اے، کمانڈنٹ نیشنل پولیس اکیڈمی، آئی جی ایف سی، ڈی جی نیشنل فرانزک ایجنسی، ڈی جی این سی سی آئی اے، ڈی جی پاسپورٹ، چیف کمشنر اور آئی جی اسلام آباد پولیس سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے بھی شرکت کی۔