پاکستان اور بحرین نے علاقائی سلامتی، انسدادِ منشیات اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی استعداد کار بڑھانے کے لیے دوطرفہ تعاون مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔
منامہ میں وفاقی وزیرِ داخلہ و انسدادِ منشیات محسن نقوی اور بحرین کے وزیرِ داخلہ جنرل شیخ راشد بن عبداللہ آل خلیفہ کے درمیان اہم ملاقات ہوئی، جس میں دوطرفہ تعلقات، خطے کی سکیورٹی اور باہمی دلچسپی کے اہم امور پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ملاقات میں خطے کی مجموعی سکیورٹی صورتِ حال، منشیات کی اسمگلنگ کے انسداد، قانون نافذ کرنے والے اداروں کی تربیت اور ان کی صلاحیت بڑھانے کے اقدامات پر تبادلہ خیال ہوا۔ دونوں ممالک نے معلومات کے تبادلے کو مزید مؤثر بنانے اور مشترکہ اقدامات کو تیز کرنے پر اتفاق کیا۔دونوں وزرائے داخلہ نے انسدادِ منشیات کے شعبے میں قریبی تعاون اور سکیورٹی اداروں کی استعداد کار میں اضافے کے لیے مشترکہ ورکنگ میکانزم کو مضبوط بنانے پر بھی اتفاق کیا۔
محسن نقوی نے بحرینی ہم منصب کی گرمجوش میزبانی پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور بحرین کے درمیان تعلقات باہمی اعتماد اور بھائی چارے کی مضبوط بنیادوں پر قائم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے اداروں کے درمیان قریبی رابطہ خطے میں امن و استحکام کے لیے ضروری ہے۔ملاقات میں پاکستان اور بحرین نے اپنے عوام کے مشترکہ مفاد اور ایک زیادہ محفوظ مستقبل کے لیے شراکت داری مزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔